اقاموں کی درخواستوں پرجواب داخل نہ کرانے پر ہائیکورٹ الیکشن پر برہم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں قائم 2رکنی بنچ نے پی پی رہنماؤں فریال تالپور، منظور وسان، ناصر شاہ ،سہیل انور سیال اور سردار چانڈیو کے اقامے سے متعلق درخواستوں پر صوبائی الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔منگل کومعظم عباسی ،محمد زبیر ،میر پنھل خان تالپور اور ممتاز علی چانڈیوکی دائر درخواستوں کی سماعت کے موقع پر عدالت نے صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر برہمی کا اظہار کیا۔درخواست گزاروں کے وکیل خواجہ شمس الاسلام کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن فریال تالپور کے تابع ہے،اسی لئے جواب داخل نہیں کیا جارہا ۔فریال تالپور کو صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنے سے روکا جائے کیونکہ اقامہ ہولڈر کا ووٹ ڈالنا عوام و عدلیہ کی توہین ہے۔سندھ میں سب ممکن ہے اور شراب کی بوتل میں زیتون نکل آتا ہے۔اس موقع پر عدالت نے فریال تالپور کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی درخواست مسترد کر دی۔