عبوری ضمانت پر رہا کے الیکٹرک افسران کی کل گرفتاری متوقع
کراچی (اسٹاف رپورٹر)عبوری ضمانت کرانے والے کے الیکٹرک کے9اعلیٰ افسران کی سماعت 6ستمبر کو پیشی کے موقع پر ضمانت منسوخ ہونے اور انہیں گرفتار کئے جانے کا امکان ہے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ملیر نے9 ملزمان جنرل منیجر کریکٹومینٹی نینس ریاض احمد نظامانی ، ڈپٹی جنرل منیجرضمیر احمد شیخ ، انچارج کے الیکٹرک عمران اسلم ، ڈی جی ایم ثاقب عباس ، منیجر کریکٹومینٹی نینس نثار احمد ، سپروائزر ارسلان ، شفٹ انچارج سید شاہ نواز اسسٹنٹ انجینئر رضا حسین رضوی اور شفٹ انجینئر شوکت منگی کو 6 ستمبر کو طلب کررکھا ہے۔ ملزمان کی عبوری ضمانت فی کس 30،30 ہزار روپے کے عوض منظور کی گئی تھی ۔قانونی ماہرین کے مطابق تفتیشی افسر کی جانب سے ٹھوس ثبو ت شواہد پیش کئے جانے پر ملزمان کی عبوری ضمانت مسترد ہونے اور ان کی گرفتاری کا امکان ہے۔کراچی بار کے صدر حیدر امام رضوی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملزم کی ضمانت منسوخ کرانےکے لئے ٹھوس ثبوت وشواہد بہت اہمیت رکھتے ہیں ، اس سلسلے میں عدالت میں تفتیشی افسر کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔تفتیشی افسر نے اگر کے الیکٹرک کی غفلت سے 2 بچوں کی زندگیاں خراب ہونےکا کیس درست انداز میں پیش کیا ، تصاویر و دیگر دستاویزات پر مبنی ثبوت پیش کر کے ملزمان کی تحویل کی استدعا کی توملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ ہو جاسکتی ہے ۔