بچی سے زیادتی پر مجرم کو سزائے موت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کی عدالت نے 10 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمے میں مجرم گلزار شاہ کو سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔عدالت نے مجرم کو 5لاکھ روپے متاثرہ کو ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔سماعت پر ضمانت پر رہا ملزم گلزار شاہ پیش ہوا۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو گزشتہ روز سنایا گیا۔عدالت نے قرار دیا کہ ملزم کسی رعایت کا مستحق نہیں۔ملزم کے اس فعل سے معاشرے پر برا اثر پڑا، یہ ناقابل معافی جرم ہے۔ملزم 7 روز کے اندر سزا کے خلاف اپیل کرسکتا ہے۔ملزم کو عدالتی فیصلے کی کاپی مفت فراہم کی گئی۔سزا سنائے جانے پر مجرم کو حراست میں لیکر سزا پر عملدرآمد کے لیے سینٹرل جیل بھجوادیا گیا۔استغاثہ کے مطابق متاثرہ بچی دلاورا 23 نومبر 2016 کو بسکٹ اور ٹافیاں لینے ملزم کی دکان پر گئی تھی، جہاں ملزم نے بچی کے ساتھ زیادتی کا ارتکاب کیا۔ تھانہ ڈاکس میں ملزم کے خلاف مدعیہ اور متاثرہ بچی کی والدہ سنوارابیگم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔