پڈعیدن میں دھماکے سے ٹریک تباہ – ریلوے ٹریفک معطل
پڈعیدن (نمائندہ امت) پڈعیدن کے قریب اپ ریلوے ٹریک پر زوردار دھماکے سے پٹری کا ایک فٹ حصہ تباہ ہو گیا۔ جس کے بعد ریلوے ٹریک بلاک ہو گیا۔ اور ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پڈعیدن ریلوے تھانہ کی حدود غلام آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب 375 کلومیٹر کے مقام پر زوردار دھماکہ ہوا جس سے ایک فٹ ریلوے ٹریک کا ٹکڑا تباہ ہو گیا ۔پڈعیدن ریلوے پولیس کے ایس ایچ او یونس تنولی کے مطابق دھماکہ اپ ریلوے ٹریک پر کراچی سے راولپنڈی جانیوالی پاکستان ایکسپریس کے گزرنے کے چند منٹ بعد ہوا۔ جس کے بعد ٹریک بلاک ہو گیا ۔کراچی سے لاہور جانے والی بزنس ایکسپریس کو پڈعیدن، قراقرم ایکسپریس کو بھریا روڈ اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پر امدادی ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں ۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کو سکھر سے طلب کر لیا گیاہے جو معائنے کے بعد ٹریک کو کلئیر کرے گا۔ جس کے بعد مرمتی کام کے بعد ٹریک کو بحال کیا جائے گا۔قریبی گاؤں والوں کے مطابق دھماکے اس قدر زوردار تھا کہ شعلے آسمان سے باتیں کر رہے تھے دھماکہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ٹریک کو جلد بحال کر دیا جائے گا۔