گیارہویں کامرس میں سب سے زیادہ 27 ہزار داخلوں کا ریکارڈ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گیارہویں جماعت میں سب سے زیادہ داخلے کامرس27 ہزار سے زائد جبکہ سب سے کم داخلےہوم اکنامکس میں 64 ہوئے ہیں۔اب تک 77 ہزار طلباء نے داخلوں کیلئے آن لائن فارم جمع کرائے ہیں۔کالجز میں مرمت و تزئین و آرائش کا کام مکمل نہ ہونے پر سیکرٹری کالج نے محکمہ ورکس پر اظہار برہمی کرتے ہوئے جلد از جلد کام مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محمکہ ایجوکیشن سندھ کی کیب پالیسی کے مطابق گیارہویں جماعت میں اب تک 77 ہزار 652 طلبہ و طالبات نے 6 شعبہ جات میں داخلے جمع کرائے ہیں ۔اب تک پری انجنئرنگ میں 20 ہزار 942، پری میڈیکل میں 16 ہزار 51، کمپیوٹر سائنس میں 6 ہزار 879 ، 27 ہزار 215 طلبہ نے کامرس، ہیومنیٹیز میں 6ہزار 951 اور ہوم اکنامکس میں صرف 64 طلبہ نے آن لائن داخلہ فارم جمع کرائے ہیں، جب کہ آن لائن داخلوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔