فاروق ستار نے تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے تحریک انصاف میں شمولیت کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں تحریک انصاف نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے جس سے متعلق وہ اپنے قریبی دوستوں سے مشورہ کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے ایک بار پھر اپنے اس دعوے کو دہرایا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ عارف علوی کے صدر منتخب ہونے کے بعد این اے 247 کی خالی ہونے والی نشست سے میں ضمنی انتخابات میں حصہ لوں۔فاروق ستار نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چند ارکان نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے جس سے متعلق میں قریبی دوستوں سے مشاورت کر رہا ہوں۔ علاوہ ازیں مزار قائد پر شجر کاری مہم کیلئے آنے والے ایم کیو ایم کے کنوینر خالدمقبول صدیقی کو پارٹی اختلافات سے متعلق صحافیوں کے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑگیا اور پریشان ہوگئے۔میڈیا سے گفتگو می ںفاروق ستار کی عدم موجودگی پر خالد مقبول صدیقی نے ان کی اسلام آباد یاترا کا عذر پیش کیااور پارٹی کے اندر بڑھتے ہوئے اختلافات کی بھی تردید کی۔