عوامی مسائل کے حل کیلئے ایوان میں موثر آواز اٹھائی جائے- پیر پگارا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگارا نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن کے پارلیمانی گروپوں پر زور دیا ہے کہ وہ ایوان میں عوامی مسائل کے حل اور ان کی پریشانیوں کے خاتمے کے لئے موثر انداز میں آواز بلند کریں ۔انہوں نے یہ بات جمعرات کی شام فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں آنے والے پی ٹی آئی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔فردوس شمیم نقوی کو پی ٹی آئی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب نامزد کیا گیا ہے۔فردوس شمیم نقوی نے جی ڈی اے کی جانب سے مختلف مواقع پر اپنی پارٹی اور ان کی حمایت کرنے پر پیر پگارا اور جی ڈی اے میں شامل جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پیر پگارا کو یقین دلایا کہ وہ سندھ اسمبلی کے ایوان میں صوبے کے عوام کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لئے موثر اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کریں گے ۔پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ سندھ کے عوام کو موجودہ اپوزیشن بڑی امیدیں وابستہ ہیں ہمیں امید ہے کہ فردوس شمیم نقوی اپوزیشن کے تمام پارلیمانی گروپوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ انہوں نے وفد کے ارکان کو یقین دلایا کہ سندھ کے عوام کی بہتری اور ان کے مسائل پر جو بھی جرات مندانہ طریقے سے آواز اٹھائے گا ہمارا بھر پور تعاون اسے حاصل ہوگا۔