طیاروں کی گھن گرج سے فضائیں گونجتی رہیں- جنگی سازو سامان کی نمائش

0

راولپنڈی (خبرنگارخصوصی۔نمائندگان)پاک وطن کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کے ساتھ53واں یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا،اس موقع پر جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں پاک فضائیہ نے ائرشوپیش کیے،مختلف شہروں میں جنگی سازوسامان کی نمائش بھی کی گئی۔تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و شہدا کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔دن کے آغاز پر مزار اقبال پرگارڈزتبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، جس میں گیریژن کمانڈر نے شرکت کی اور مزار پر پھول چڑھائے، اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ تبدیلی کے فرائض بھی انجام دیے۔کراچی میں بھی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل ندیم صابر نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈز کی تبدیلی کے فرائض انجام دیے گئے۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور میں بھی یوم دفاع کی مناسبت سے تقاریب منعقد ہوئیں۔پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے جڑواں شہروں کی فضائوں میں مہارتوں کا خوب صورت مظاہرہ پیش کیا۔جے ایف 17کی گھن گرج نے شہریوں کے دل گرمادئے ۔اس موقع پر فضائیں پاکستان زندہ بادکے نعروں سے گونجتی رہیں۔کراچی میں ملیر کینٹ اور بیس مسرور میں یوم دفاع کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مسلح افواج کے جوانوں نے اپنے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔تقریب میں ایف 16، جے ایف 17 تھنڈر اور معراج طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ پیش کیا۔لاہور میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوئی، جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود رہے۔تقریب میں پاک فضائیہ کے جوانوں نے فلائی پاسٹ کیا جبکہ مسلح افواج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کرکے شہدا کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔پشاور میں یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے کرنل شیر خان شہید اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ افسران و شہریوں نے شرکت کی۔ بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اسلام آباد۔اٹک۔ مری (خبرنگارخصوصی۔ نمائندگان۔ ایجنسیاں) یوم دفاع پرملک بھرمیں نشان حیدرشہداکے مزارات پر پھول چڑھائے گئے ۔ وفاقی دارالحکومت کے نواحی گائوں پنڈ ملکاں پنڈملکاں میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کے مزار پر پاکستان آرمی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی ۔ تقریب میں پاک آرمی سے سینئرافسران سمیت سیاسی وسماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی بریگیڈئیر اسد نے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کی درجات بلندی کے لیے دعا کی۔پہلے نشان حیدر کیپٹن سرور شہید کی یاد گار واقع سنگھوری میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور یاد گار پر پھول چڑھائے گئے ۔شہیدکو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آرمی کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈیئر ارشد محمود اسٹیشن کمانڈرمری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع ہماری ملکی تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے 6ستمبر ایک دن ہی نہیں بلکہ ایک سنہری باب ہے جو ہمیں سبق دیتا ہے کہ متحد ہو کر بڑے سے بڑے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے ۔ڈھوک نشان حیدر (دیوی) میں سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کے مزار پربھی ایک تقریب ہوئی۔کمانڈر12ڈویژن بریگیڈئرعدنان احمد خان نے سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔اس موقع پر خطاب میں بریگیڈیئرعدنان نے کہاکہ افواج پاکستان ملکی دفاع کے خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں، ملکی استحکام ،سلامتی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج نے قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں دفاع وطن اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے لیے جاری جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور غاذیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔کمانڈر ون کور لیفٹیننٹ جنرل اظہر صالح عباسی اور ڈپٹی کمشنر توصیف دلشاد کھٹانہ نے میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرٹلری سنٹر اٹک کے کمانڈنٹ بریگیڈئیر خالد بیگ نے سانحہ بڈھ بیڑ پشاور کے شہید کیپٹن اسفندیاربخاری شہیدکے مزار پرحاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اورسلامی پیش کی ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More