تاج گوٹھ کے رہائشی پولیس اہلکار شہریوں کو اٹھواکر رقوم بٹورنے لگے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک کالونی تھانے کی حدود نیک محمد ولیج تاج گوٹھ کے رہائشی 2پولیس اہلکاروں عاطف علی اور عمران نے مکینوں کا جینا دو بھر کردیا۔ مکینوں کو مختلف بہانوں سے اٹھوا کر رقم بٹورنے لگے۔ علاقہ مکینوں کی شکایت پر ایس ایس پی ویسٹ نے انکوائری شروع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک جانب پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، تاہم اس کے باوجود بعض اہلکار اب بھی پیدا گیری میں مصروف ہیں۔ پاک کالونی تھانے کی حدود نیک محمد ولیج تاج گوٹھ نزد کے ایم سی کوارٹرز گٹر باغیچہ کے علاقے میں اقصیٰ مسجد کے قریب 2 پولیس اہلکاروں نے مکینوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ مذکورہ اہلکار مختلف بہانوں سے پاک کالونی تھانے کی موبائل لے کر آتے ہیں اور مکینوں کو لے جاکر ہراساں کرکے توڑ جوڑ کرتے ہیں۔ ان میں ایک اہلکار عاطف علی ولد علی فقیر ہے، جو سائٹ اے تھانے میں تعینات ہے۔ عاطف علی کا بھائی کاشف علی پہلے متحدہ میں تھا اور بعد میں لیاری گینگ وار گروپوں کے ساتھ بھی چلتا رہا ہے۔ دونوں بھائی مکینوں کو ہراساں کرکے رقم بٹور رہے ہیں۔ دوسرا اہلکار عمران ولد خیال الدین ہے، جو سعید آباد ٹریننگ سینٹر میں زیر تربیت ہے۔ متاثرین میں شامل محمد اقبال بادشاہ نے ”امت“ کو بتایا کہ میں اس علاقے میں 20 سال سے مقیم ہوں اور دبئی میں مزدوری کرتا ہوں۔ حال ہی میں چھٹی پر آیا تھا کہ 9 اگست کی رات 11 بجے سپاہی عاطف پاک کالونی تھانے کی موبائل اور اہلکاروں کے ہمراہ آئے اور کہا کہ تم نے تھانے میں انٹری کے بغیر کرائے دار رکھے ہوئے ہیں۔50 ہزار دو، ورنہ اس کیس میں فٹ کردیں گے اور ڈرا دھمکاکر 20 ہزار روپے دے کر جان چھڑائی۔ علاقے میں عاطف وردی پہن کر لوگوں کو ہراساں کرتا ہے اور ایک مرتبہ پہلے بھی 65 ہزار روپے وصول کرچکا ہے، جبکہ دوسرے متاثرہ مکین فضل امین کا کہنا ہے کہ 8 اگست کی رات عاطف اہلکار میرے گھر موبائل لے کر آیا اور میری غیر موجودگی میں میرے بیٹے کو تھانے لے گیا، جب میں تھانے گیا تو کہا کہ کرایہ داروں کی انٹری نہیں کرائی۔عدالت کے حکم کی خلاف ورزی پر اس کے خلاف مقدمہ ہوسکتا ہے۔ 50 ہزار روپے دو بعد میں 35 ہزار روپے لے کر چھوڑا گیا۔اہلکار نے دھمکی بھی دی کہ کسی سے شکایت کی تو تمہارے بچوں کو بھی اٹھالیا کریں گے۔دونوں متاثرین کا کہنا ہے سائٹ اے تھانے میں عاطف کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے، جبکہ ایس ایس پی ویسٹ کو بھی صورتحال بتاکر درخواستیں دے چکے ہیں۔سائٹ تھانے میں تعینات اہلکار عاطف علی کے حوالے سے ”امت“ نے ایس ایس پی رضوان سے رابطہ کیا۔ان کا کہنا ہے مذکورہ اہلکار کے حوالے سے شکایتیں ملی تھیں، جس کے بعد انکوائری چل رہی ہے۔وہ خود معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔پاک کالونی تھانے میں اس اہلکار کے ساتھ شامل اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائری کرا رہا ہوں۔جلد از جلد کارروائی ہوگی۔ کالی بھیڑوں کی پولیس کے محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔’’امت‘‘ نے پاک کالونی تھانے کے انچارج انسپکٹر اسلم خان سے رابطہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تھانے کا چارج لئے 2 روز ہوئے ہیں۔ انہیں علم نہیں ہے کہ معاملہ کیا ہے، اگر انکوائری کے دوران ان کا کوئی افسر یا اہلکار ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی کریں گے۔