شیر پائو کالونی کا ٹیکنیکل کالج منشیات کا اڈہ بن گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) لانڈھی شیر پاؤ کالونی میں واقع ٹیکنیکل کالج منشیات کا اڈہ بن گیا۔ غیرفعال عمارت نشہ استعمال اور فروخت کرنے والوں کا آماجگا بن چکی ہے ،جبکہ مقامی ٹھکیدار نے چند کلاسوں میں اپنے مزدوروں کو رہائش دے رکھی ہے ، قائد آباد کے علاقے فائیو اسٹار گرائونڈ سے متصل کروڑوں روپے مالیت سے تیار کیا گیا ٹیکنیکل کالج مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے ، ’’امت‘‘ سروے کے دوران علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ کالج کی بنیاد 1994میں سابق وزیر اعلیٰ عبداللہ شاہ نے رکھی اورسابقہ وزیر محنت خواجہ محمد اعوان ( مرحوم ) کی کاوشوں کی بدولت ملیر کے پسماندہ علاقے کے طلبہ کو علاقے میں اعلیٰ تعلیم کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ تعلیم کی غفلت کے باعث 2دہائیوں سے زائد عرصہ گزر نے کے باوجود مذکورہ کالج عملی طور پر غیر فعال لیکن سرکاری کاغذات میں فعال ہے اورچوکیدار سے لیکر نائب قاصد تک کی تنخواہیں وصول کی جا رہی ہیں ۔ کالج جرائم پیشہ افراداور منشیات فروشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے ،جہاں علاقے کے نوجوانوں کو چرس اور ہیروئن فروخت کی جاتی ہے اور نشہ یہیں استعمال بھی کیا جاتا ہے ، نمائندہ ’’امت ‘‘کے سروے میں کالج کا ا حاطہ جنگل کا منظر پیش کر رہا تھا۔ عمارت کے چاروں اطراف جھاڑیاں تھیں، جبکہ کلاسوں میں کچرے کے ڈیر اور جگہ جگہ نشے میں استعمال ہونے والے اشیا پڑی دیکھائی دیں۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کالج میں صبح سے شام تک نشے کے عادی افراد کی آمد ورفت لگی رہتی ہے، معزب کے بعد منشیات بھی فروخت کی جاتی ہے ،جبکہ ہیرو ئنچیوں نے کالج کی کھڑکیاں ، دروازے ،بجلی کے بورڈ اور تاروں کی وائرنگ تک نکال کر کباڑیوں کو فروخت کر دی ہیں،مکینوں کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ افراد رات کی تاریکی میں وارداتیں کرنے کے بعد مذکورہ کالج میں آ کر چھپ جاتے ہیں،علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کالج کی چند کلاسوں پر مقامی ٹھیکیدارنے قبضہ کیا ہوا ہے جس کا تعلق باجوڑ کے علاقے سے بتایا جاتا ہے ، ٹھیکیدار کے مزدور صبح کام پر جاتے ہوئے اپنے استعمال کی کلاسوں کو تالا لگا جاتے ہیں اور شام میں آ کر کھولتے ہیں ،ٹھیکیدار کی ایما پر مزدور گزشتہ کئی سال سے غیر فعال ٹیکنیکل کالج میں رہائش پذیر ہیں ، مکینوں نے نو منتخب ایم پی اے ، ایم این اے اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالج کو فعال کیا جائے تاکہ علاقے کے طلبہ کو تعلیم کے حصول کیلئے دور دراز نہ جانا پڑے۔دریں اثنا رابطے پرحلقے کے نو منتخب ایم پی اے آغا رفیع اللہ نے بتایا کہ انہوں نے علاقہ مکینوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اسمبلی اور وزیر اعلیٰ کے سامنے اس دیرینہ مسئلہ پر آواز بلند کرینگے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More