بلوچستان کی شاہراہوں پر معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کا حکم
کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) قائم مقام گورنر بلوچستان میر عبد القدوس بز نجو نے صوبے کی قومی شاہراہوں پر مسافروں کو معیاری سفری سہولیا ت فراہم کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کا حکم دیا ہے۔قومی شاہراوں پر بے شمار غیرضروری رکا وٹوں اور اونچے اسپیڈ بر یکرز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اسپیڈ بریکرز اور وارننگ سا ئنز بورڈز کی عدم موجودگی نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں بیجا رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں بلکہ ان کی وجہ سے کئی حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہ پر اسپیڈ بر یکرز دراصل گا ڑی بریکر ہوتے ہیں اور غیر منظور شدہ اونچے اسپییڈ بریکرز کی غلط بناوٹ کی وجہ سے عوام کی گاڑیا ں بھی خراب ہوتی ہیں۔ گو رنر نے کہا کہ نیشنل ہائی وے پر پٹرولنگ کا مقصد شاہراہوں کو سفر کیلئے محفوظ بنانا ہے تاکہ مالی و جانی نقصانات کم سے کم ہوں ۔انہوں نے تمام متعلقہ قومی شاہراہوں پر تعینات سپروائزری افسران پر زور دیا کہ وہ سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور گشت کو مزید موثر بنانے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے اور عوام کی شکا یت پر اُن کے خلاف قانونی کارروائی کی جا ئیگی۔ انہوں نے کہا مو جودہ حکومت شا ہراہوں پر سفر کو محفو ظ و آرام دہ بنانے اور حادثات کی روک تھام کیلئے پر عزم ہے۔