محتسب کا فیصلہ نہ ماننے پر صارف نے نیپرا سے رجوع کرلیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک نے وفاقی محتسب کا فیصلہ ہوا میں اڑا دیا، متاثرہ صارف نے کے الیکٹرک کیخلاف نیپرا سے رجوع کرلیا۔صارف نے دہائی دی ہے کہ 3 سال کے دوران کے الیکٹرک مجھ سے ہزاروں روپے اضافی وصول کرچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے متاثرہ صارف محمد امین نے اضافی بلنگ کیخلاف وفاقی محتسب سے رجوع کیا۔ وفاقی محتسب نے آدھا بل جمع کروانے کا کہا، تاہم کے الیکٹرک نے فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ۔ محمد امین نے بتایا کہ جنوری 2018میں کے الیکٹرک کی اوور بلنگ کیخلاف میں نے وفاقی محتسب سے رجوع کیا اور تمام معاملہ درخواست کی صورت میں وفاقی محتسب کے سامنے رکھا۔ مارچ 2018 میں وفاقی محتسب کی جانب سے مجھے لیٹر موصول ہوا، جس میں مجھے پیش ہونے کا کہا گیا۔ امین نے بتایا کہ میں وفاقی محتسب کے سامنے پیش ہوا تو محتسب نے میرا کیس سننے کے بعد فیصلہ دیا کہ کے الیکٹرک 4ہزار یونٹ میں 22سو یونٹ معاف کرے اور مجھے بقایا 1800یونٹ کی رقم ادا کرنے کا کہا گیا، جس پر میں راضی ہوگیا تاہم جب میں نے وہ بل جمع کرانا شروع کیا تو ایک بار پھر کے الیکٹرک نے مجھے ایک لاکھ 87ہزار کا بوگس بل بھیج دیا ہے ۔ محمد امین نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی من مانی کیخلاف میں نے اس بار نیپرا سے رجوع کیا ہے۔ امید ہے کہ میرے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔