پاکستان نے حج کوٹے میں 45ہزاراضافے کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری سے سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد بن صالح نے اتوار کے روز ملاقات کی. ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا. اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی، سعودیہ کے اطلاعات و ثقافت کے ایڈوائیزر فہیم الحامد، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور سید ممتاز علی شاہ اور وزارت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔سعودی وزیر ڈاکٹر عواد نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب باہم محبت، دوستی اور بھائی چارے کے بندھن میں جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام میں جذباتی قربت اور وابستگی ہے .انہوں نے کہا سعودی حکومت ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ہر کڑے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد کی پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا .سعودی وزیر سے بات چیت کے دوران پیر نوار الحق قادری نے درخواست کی کہ سعودی حکومت پاکستان کیلئے مختص حج کوٹہ میں مزید 40 سے 45 ہزار کا اضافہ کرے اور عمرہ زائرین کیلئے بهی مزید آسانیاں پیدا کی جائیں. علاوہ ازیں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حکومت پاکستان مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہاوس قائم کرنا چاہتی ہےاس حوالے سے انہوں نے درخواست کی سعودی حکومت اراضی فراہم کرے۔سعودی وزیر اطلاعات و ثقافت ڈاکٹر عواد نے آمادگی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ آئندہ سال حج میں پاکستانیوں کے کوٹہ میں اضافہ پر غور کیا جائے گا جبکہ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ عمرہ زائرین کے لیے بھی مزید آسانیاں پیدا کی جائیں گی. تاہم مکہ اور مدینہ منورہ میں اراضی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر عواد بن صالح نے کہا کہ اس مطالبے کو سعودی فرمانروا شاہ سلیمان کے سامنے پیش کیا جائے گا اور انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان کی سعودی میں آمد کے موقع پر اس مسئلہ کو بھی حل کر لیا جائے گا۔