حکومتی ڈھانچے میں تبدیلی مکمل-عارف علوی نے صدارت سنبھال لی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 13ویں صدر کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیاجس کے ساتھ ہی حکومتی ڈھانچے میں تبدیلی کا عمل مکمل ہوگیا،ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے صدر مملکت عارف علوی سے حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت نے حلف نامے پر دستخط کیے جس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات نے شرکت کی۔تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان بھی شریک تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی ایوان صدر میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ غیرملکی سفیروں سمیت تاجر کمیونٹی کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئی۔مہمانوں کی تواضع چائے اور بسکٹ سے کی گئی۔تقریب حلف برداری کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ صدر مملکت سے ایوان صدر کے اسٹاف کا تعارف بھی کرایا گیا۔