امریکہ کا فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن دفاتر بند کرنے کا اعلان
واشنگٹن ( امت نیوز) امریکی حکومت نے واشنگٹن میں قائم فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے دفاتر فوری بند کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوں۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘ہم نے پی ایل او کو اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کے حصول کے لیے اپنا کام جاری رکھنے کی اجازت دی تھی’۔فسلطینی تنطیم پر الزام عائد کرتے ہوئے امریکی انتظامیہ کے بیان میں کہا گیا کہ ‘پی ایل او نے اسرائیل کے ساتھ معنی خیز اور براہ راست مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا’۔ہیتھر نوریٹ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ‘پی ایل او کی قیادت نے امریکی امن منصوبے کی مذمت کی اور امریکی حکومت کے امن مذاکرات اور دیگر عمل میں شامل ہونے سے انکار کیا’۔پی ایل او کے دفاتر کی بندش کی وضاحت کرتے ہوئے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘کانگریس کے تحفظات کے تحت انتظامیہ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اس موقع پر واشنگٹن میں پی ایل او کے دفاتر کو بند کر دیا جائے گا۔