سی پیک کومنجمد کرنا عوام کیساتھ زیادتی ہوگی۔شہبازشریف
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک کومنجمد کرنا 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی، چین ہمارا دوست اوراسٹریٹجک پارٹنر ہے، حکومت یہ شراکت کمزور کرنے کی کوشش نہ کرے۔ وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف نے ایک بیان میں کہا کہ عوام کو پی ٹی آئی حکومت کے غیرذمہ درانہ رویے پرحیرت میں ہے۔ ہم ایسی سازشوں کومسترد کرتے ہیں اور اس کیخلاف مزاحمت کریں گے۔ چین یقین رکھے سی پیک بند نہیں ہونے دیں گے۔شہباز شریف نے مزید کہاکہ حکومت نے ڈیمز فنڈز کیلئے پیسے اکٹھے کرنے کا اعلان کیا ہے۔شوق سے پیسے اکٹھے کریں ،ہماری حکومت نے بھاشاڈیم کیلئے 122ارب روپے خرچ کیے اور زمین خریدی جبکہ فزیبلٹی تیار کروائی۔۔بھاشا ڈیم کیلئے ضرور پیسے اکٹھے کریں ۔لیکن بجلی پیدا کرنے والے حصے کیلئے توپیسے اکٹھے کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی کہا کہ سی پیک منصوبے کو رول بیک کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت کا ہاتھ پکڑیں گے۔ شفاف منصوبے کے حوالےسے بدگمانی پھیلانا قوم کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اس وقت سرمایہ لگایا جب کوئی ملک پاکستان میں 10 روپے کی سرمایہ کاری کرنا نہیں چاہتا تھا، اس منصوبے نے پاکستانی معیشت کو سنبھالا دیا اور اس سے ہزاروں لاکھوں لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق الزامات کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن بنایا جائے۔ دریں اثنا سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے زور و شور سے جاری فنڈ ریزنگ مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیمز چندے کے پیسوں یا بیانات اور باتیں کرنے سے نہیں بنتے۔ ملکی مسائل کا تعلق پیسے سے نہیں بلکہ نظام ٹھیک کرنے میں ہے۔