رقم کی غیر قانونی منتقلی پر پی پی رکن سندھ اسمبلی کو جیل بھیج دیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت کے منتظم جج نے5کروڑ 50لاکھ روپے غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم پیپلزپارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی اللہ ڈنو بھیو عرف بابل بھیو کو 22 ستمبر تک عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔پیر کے روز احتساب عدالت کے منتظم جج کے روبرو نیب کی جانب سے5کروڑ 50لاکھ روپے غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم پیپلزپارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی اللہ ڈنو بھیو عرف بابل بھیو کو پیش کیا گیا ، اس موقع پر تفتیشی افسر کی جانب سے مو قف اختیار کیا گیا کہ ملزم کے اکاؤنٹ سے 5کروڑ 50لاکھ روپے کی غیر قانونی ٹرانزیکشن ہوئی ہے،ملزم کے اکاؤنٹ میں شکارپور کے مختلف ٹھکید اروں کے اکاؤنٹس سے رقم منتقل ہوئی ہے۔ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹنگ (Suspicious Transaction Reporting) ایس ٹی آرکی رپورٹ پر نیب حکام نے ملزم اللہ ڈنو بھیو اور دیگر کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا تھا۔ مذکورہ رپورٹ پر پر نیب کراچی نے کارروائی کر کے اللہ ڈنو بھیو عرف بابل بھیو کوگرفتار کیا تھا۔ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے استدعا ہے کہ ملزم کو جسمانی ریمانڈپر دیا جائے۔