اسلام آباد( نمائندہ امت) وفاقی دارالحکومت میں پولیس نے انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری اور خرید و فروخت میں ملوث گروہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔تھانہ کھنہ کی پولیس نے شہری کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گردوں کی خریدو فروخت میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں عامر، عابد، سلمان اور ان کے ساتھی شامل ہیں۔ ملزمان کیخلاف انسانی اعضاء کی غیرقانونی پیوندکاری و تجارت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔جس کے مطابق ملزمان نے جاوید شاہ نامی شہری کو 20 لاکھ روپے میں گردہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا، جاوید شاہ نے ملزمان کو انارکلی ہوٹل میں 10 لاکھ روپے ادا کیے۔ رقم لینے کے بعد ملزمان نے شہری کو 2 روز تک حبس بے جا میں رکھا۔ شہری نے الزام عائد کیا کہ ملزمان انہیں رقم واپس کر رہے ہیں نا ہی گردے کی پیوندکاری کی جا رہی ہے۔ شہری کاکہناہے کہ ملزمان کے ساتھ نجی ہسپتال اور انتظامیہ کے لوگ بھی ملوث ہیں۔