اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھر منصوبے پر کمیٹی کو آئندہ دو ہفتوں میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دے دی۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک بھر میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کی اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکریٹری ہاؤسنگ نے گھروں کی سالانہ ضرورت اور ہاؤسنگ سیکٹر میں قلت پر بریفنگ دی جب کہ سیکریٹری نے نجی شعبےکو 50 لاکھ گھر منصوبے میں شریک کرنے کے قانونی طریقہ کار اور مضمرات کے بارے میں بھی بریف کیا۔اجلاس میں پاکستانی نژاد برطانوی سرمایہ کار انیل مسرت بھی شریک تھے،اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسا منصوبہ بنائیں کہ 50 لاکھ گھر عام آدمی کی ہر ضرورت پوری کرسکے، 50 لاکھ گھروں کی تعمیر پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے کا اہم جزو ہے، حکومت بے گھر افراد کو گھر دینے کے وعدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50اکھ گھر منصوبے سے لاکھوں بے روزگار افراد کو نوکریاں میسر آئیں گی، اس اسکیم سے ہاؤسنگ سیکٹر سے منسلک صنعتوں کو ترقی ملے گی۔