دوسرے مقدمے میں بھی رائو انوار کی ضمانت، آج رہائی متوقع

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) تفتیش کار اوراستغاثہ نقیب قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار و دیگر کے خلاف اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سے متعلق کیس میں ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دوسرے مقدمے میں بھی سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی ضمانت منظور کرلی۔آج ان کی رہائی کا امکان ہے ۔جمعہ کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں نقیب قتل کیس کے مرکزی ملزم راؤ انوار و دیگر کے خلاف اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، راؤ انوار کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کی گئی تھی ،جس پر گزشتہ سماعت پر وکلا کی جانب سے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا ۔سماعت کے دوران عدالت نےدرخواست پر فیصلہ سنادیا اور ملزم راؤ انوار کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ راؤ انوارکے وکیل کی جانب سے 10 لاکھ روپے زرضمانت جمع کرائی گئی ، اس سے قبل عدالت نقیب قتل کیس میں بھی راؤ انوار کی ضمانت منظورکرچکی ہے۔راؤ انوار کی جانب سے تمام مقدمات میں جمع کرائے گئے مچلکوں کے سیونگ سرٹیفکیٹ کو تصدیق کے لئے بھیجا گیا ہے ،جس کے بعدآج ہفتے کو عدالت کی جانب سے دونوں مقدمات میں راؤ انوار کے ریلیز آرڈر جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں نقیب کے والد کے وکیل صلاح الدین پہنور نے بتایا کہ ہم نے عدالت کوتحریری طور پر آگاہ کردیا ہے کہ ہم سماعت کا حصہ نہیں ہیں۔ ہم سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے تک عدالتی کارروائی سے الگ رہیں گے۔ ہمیں انسداد دہشت گردی کورٹ پر اعتماد نہیں ہے، جس کی وجہ سے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کررکھا ہے ۔ صلاح الدین پہنور نے کہا کہ راؤ انوار پروٹوکول کے ساتھ پیش ہوتا ہے ،لیکن عدالت نے ہمارے احتجاج پر توجہ نہیں دی، راؤ انوار کو ایک دن بھی ملزم نہیں سمجھا گیا ہے ۔دریں اثنا راؤ انوار کے وکیل عامر منسوب کا کہنا تھا کہ سیونگ سرٹیفکیٹ کی بھی تصدیق ہوچکی ہے ، آج راؤ انوار کا ریلیز آرڈر جاری کردیا جائے گا ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More