سمندری طوفان فلورنس امریکہ سے ٹکراگیا-17لاکھ افراد کی نقل مکانی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) سمندری طوفان ’فلورنس‘ امریکی ساحلوں سے ٹکرانے کے باعث متاثرہ علاقوں سے 17لاکھ افراد کو محفوظ علاقوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ مزید 10لاکھ کو فوری علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سمندری طوفان کے پیش نظر ریاست ورجینیا، میری لینڈ، شمالی و جنوبی کیرولینا کے بعد ریاست جارجیا میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، تقریباً 17لاکھ افراد کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ ماہی گیروں کے سمندر میں جانے پر پابندی بھی لگادی گئی ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے باعث لہروں کی اونچائی 13میٹر تک بلند ہوسکتی ہے اور شمالی کیرولینا میں بگولے اٹھنے کا امکان ہے، فلورینس کیٹیگری 5سے کیٹیگری 2میں منتقل ہوگیا ہے، طوفان کی شدت میں کمی ہونے کے باوجود اس کا دورانیہ طویل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی ہفتے مسلسل بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ 7لاکھ 60ہزار املاک کی مکمل تباہی کا خطرہ بھی ہے۔