ایف بی ایریا میں میئر کراچی کے حامیوں کی پروفیسر سے بدسلوکی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بی ایریا میں میئر کراچی وسیم اختر سے شکایت کرنے والے نجی کالج کے پروفیسر کو میئر کے حامیوں نے دھکے دے کر ہٹادیا۔چیئرمین اور وائس چیئرمین نے بھی پروفیسر کو دھمکایا۔رات گئے میئر کراچی فیڈرل بی ایریا میں مختلف علاقوں کا دورہ کررہے تھے۔وہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے بلاک 15 پہنچے تو نجی کالج کے پروفیسر نے میئرکراچی سے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شکایت کی، جس پر چیئرمین خرم فرحان اور وائس چیئرمین صابر نے شہری کو پیچھے ہٹنے کا کہا۔ پروفیسر نے درخواست کی کہ مجھے میئر سے بات کرنے دے، جس پر میئرکراچی طیش میں آگئے اور پروفیسر کو جواب دیا کہ تمیز سے بات کروں، جس پر پروفیسر نے جواب دیا کہ آپ مجھے تمیز سکھائیں گے میں نجی کالج کا پروفیسر ہوں اور آپ اس شہر کے میئر ہیں۔میئرکراچی کے ساتھ تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے بھی پروفیسر کو پیچھے ہٹنے کا مشورہ دیا، جس پر سہیل نامی شخص نے پروفیسر کا ہاتھ نیچے کرکے اسے جانے کا کہا، تاہم کچھ دیر بعد میئر وہاں سے روانہ ہوگئے۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ مذکورہ سڑک کئی سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔کئی بار درخواستیں جمع کروائی ہیں، لیکن کبھی شنوائی نہیں ہوئی۔مکینوں کا کہنا ہے چیئرمین خرم فرحان صرف مال بٹورنے میں مصروف رہتے ہیں۔آج میئرکراچی کو علاقے میں دیکھا، تو اپنے مسائل کے حل کے لیئے میئرکراچی سے ملاقات کرنا چاہتے تھے، لیکن چیئرمین خرم فرحان اور صابر نے مکینوں کو ڈرادھمکا کر خاموش کروادیا۔