گلشن اقبال میں فائرنگ سے اینٹی کرپشن افسر کی اہلیہ زخمی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں فائرنگ سے اینٹی کرپشن کے افسر کی اہلیہ زخمی ہوگئی، خاتون کا شوہر سے جھگڑا چل رہا ہے اور عدالت میں خلع کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 13ڈی ٹو جمالی گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 32سالہ فہمیدہ زوجہ وحید کلوڑ زخمی ہوگئی، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے خاتون کو پہلے قریبی واقع اسپتال بعدازاں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ مضروبہ کے بھائی غلام محمد کا کہنا ہے کہ انکا بہنوئی اینٹی کرپشن میں افسر ہے اور اسکا اپنی بیوی فہمیدہ سے جھگڑا چل رہا ہے اسی سلسلے میں عدالت میں خلع کی درخواست بھی دی گئی تھی اور جمعرات کو عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران بھی انکے بہنوئی نے انکی بہن کے ساتھ تلخ کلامی کی جس پر عدالت نے ایس ایچ او گلشن کو ہدایت کی تھی کہ خاتون اور انکے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ سماعت کے بعد انکے بہنوئی نے عدالت کے باہر بہن کو دھمکیاں دیں اور جمعرات کی شام کو انکے گھر کے باہر موٹر سائیکل پر سوار ملزمان آئے اور انہوں نے انکی بہن کو آواز دی اور فائرنگ کردی جس کے باعث ایک گولی انکے بازو کو لگی۔اس سلسلے میں ایس ایچ او اخلاق احمد کا کہنا ہے کہ خاتون کے زخمی ہونے کا واقعہ انکا گھریلو جھگڑا ہے اور خاتون کا شوہر اینٹی کرپشن میں ڈی ایس پی ہے ان سے پوچھا گیا کہ عدالت نے خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی اس پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More