8ماہ کی بچی اغوا کا معاملہ پولیس نے مشکوک قرار دیدیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاری میں ماں کے ہاتھوں سے نقاب پوش ملزمہ بچی چھین کر فرار ہونے کے واقعے کو 24 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرجانے کے باوجود بچی کا تاحال کچھ پتا نہ لگ سکا، جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا ہے، ایس ایس پی سٹی نے معاملے کو مشکوک قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپئر کے علاقے اولڈ سٹی ایریا کی لی مارکیٹ کے قریب واقع بلڈنگ کی تیسری منزل خاتون اپنی 8 ماہ کی بیٹی فائزہ کو لیے کھڑی تھی کہ اچانک ایک برقعہ پوش عورت نے اس سے بچی کو چھینا اور فرار ہوگئی۔ پولیس جائے وقوعہ کے اطراف کی سڑکوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج جمع کررہی ہے۔تاہم بچی کے والد کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔ پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ ٹیم معاملہ ٹریس کرنے کیلئے متحرک ہے۔ پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے بچی کے ماموں اور قریبی لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی ہے، جبکہ واقعے میں اہلخانہ کا کردار خود بھی مشکوک معلوم ہورہا ہے، بچی کو اغواءتاوان کیلئے کیا یا کسی اور وجہ سے یہ واضح نہ ہوسکا ہے۔ بچی کی ماں کاکہنا ہے کہ بچی کو جو لیکر گیا ہے واپس چھوڑ جائے تو کچھ نہیں کہوں گی۔ ایس ایس پی سٹی سمیع اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کبھی اس طرح کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،بچی کی گمشدگی کی صرف کچی درخواست لکھوائی گئی ہے، ایس ایس پی سمیع اللہ سومروکا مزید کہنا تھا کہ جہاں سے بچی مبینہ طور پراغواءہوئی سامنے تھانہ اور گنجان آباد علاقہ ہے، تیسری منزل پرجاکر بچی کو والدہ کی گود سے چھیننے کا واقعہ رپورٹ ہوا برقعہ پوش خاتون تھی یا مرد اس بات کا بھی اندازہ لگانا مشکل ہے۔ اپارٹمنٹ کے نیچے کسی دکاندار یا علاقہ مکین نے کسی اغواءکار کو نہیں دیکھا، دستیاب شواہد اور دیگر ذرائع سے بھی اغواءکے واقعے کی تصدیق نہیں ہورہی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More