کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے بائی پاس پر اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3لیویز اہلکار شہید جبکہ ڈرائیور سمیت 2اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ لیویز کے مطابق جمعہ کے روز بلوچستان کے ضلع پشین میں بائی پاس کے قریب اسسٹنٹ کمشنر امیرزمان کی گاڑی کے قریب ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 3لیویز اہلکار دفعہ دار عبدالباقی ،سپاہی جعفر خان ،سپاہی عصمت اللہ شہید، جبکہ ڈرائیور عین الدین اور سپاہی محمد اختر زخمی ہوگئے ہیں ۔پولیس کے مطابق دھماکا اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب ہوا جو موٹرسائیکل کے ذریعے کیا گیا، دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جو اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی قریب آتے ہی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت اسسٹنٹ کمشنر گاڑی میں موجود نہیں تھے ،دھماکے کے بعد پولیس اور لیویز کی بھاری نفری نے علاقے میں پہنچ کر جائے وقوعہ کو سیل کردیا جب کہ لیویز نے بھی سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ یہ خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکے کے بعد قریبی اسپتال میں بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ پشین بائی پاس کو آمدو رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشین اورنگزیب بادینی کا کہنا ہے کہ تحصیل برشور کے اسسٹنٹ کمشنر امیر زمان خان کی گاڑی جب بائی پاس کے قریب پہنچی تو موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ سلیم کھوسہ نے پشین دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔