لسبیلہ کینال سے پانی چوری کرکے کراچی میں فروخت کیا جارہا ہے ۔جام کمال
حب ( نمائندہ امت )وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے لیڈا ریسٹ ہاوس میں عوامی اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران لسبیلہ کینال سے پانی چوری پر ایکسئین کینال ایریگیشن پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ شہری پیاسے ہوں اور پانی فروخت ہو یہ ایکسیئن کی نااہلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں علم ہے کہ لسبیلہ کینال سے کس طرح پانی چوری کرکے فروخت ہورہا ہے اور ایکسیئن کس کو خوش کرنے میں مصروف ہیں ۔لسبیلہ کینال کے نان کمانڈ ایریے سے بھی پانی ٹینکرز کے ذریعے کراچی فروخت ہوتے ہیں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں سیکریٹری ایریگیشن کو حکم دیں گے اور فرائض میں غفلت کسی کی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس اولین ترجیح ہے ، بلوچستان میں پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے نئے ڈیمز کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں کا آغاز کیا جائے ،صوبے کے ہر یونین کونسل میں ایک گرلز اور ایک بوائز ہائی سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا جب کہ محنتی اور ایماندار افسران کی لسٹ تیار کی جارہی ہے ۔ ماضی میں غلط پالیسیوں کے سبب ادارے غیر فعال ہوگئے ۔