سفارش پر جونیئر ملازم ہائیڈرنٹ سیل کا فوکل پرسن مقرر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)واٹر بورڈ میں اعلی سفارش پر گریڈ 9کے مکینک کو ہائیڈرنٹ سیل کا فوکل پرسن مقرر کر دیا۔شہباز بشیر کا گزشتہ روز تبادلہ کرتے ہی دوبارہ دو چارج دیکر تعینات کیا گیا ہے۔جونیئر ملازم کو سینئرز افسران کی موجودگی میں سخی حسن ہائیڈرنٹ کا انچارج بھی بنایا گیا ہے ۔من پسند ملازمین کو ہائیڈرنٹس میں کھپانے کیلئے 9ملازمین کو متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں واپس بھیج دیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز واٹر بورڈ میں اعلی سفارش پر9 ملازمین کے تبادلے کیے گئے ہیں، جبکہ حیرت انگیز طور پر کرپشن الزامات میں عہدے سے ہٹائے جانے والے شہباز بشیر کو ہائیڈرنٹ سیل کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔شہباز بشیر ایمپلائی نمبر 0141722واٹر بورڈ میں گریڈ 9میں مکینک ہے جو اعلی اثر و رسوخ کی وجہ سے ہائیڈرنٹ سیل کا فوکل پرسن بننے کے ساتھ ساتھ سخی حسن ہائیڈرنٹ کا انچارج بھی بن گیا ہے ۔واٹر بورڈ مکتوب نمبر 322کے مطابق سب انجنیئر حسن شیخ، سب انجنیئر انتظار حسین ، سب انجنیئر سعید احمد ہاکرو ، سب انجنیئر ظہیر الدین، مکینک شہباز بشیر ، نثار احمد چوکیدار، سینئر کلرک محمد نسیم خان، ہیلپر ایوب خان اور قلی شریف صدیقی کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ۔حیرت انگیز طور پر گزشتہ روز ہی ایم ڈی واٹر بورڈ کے احکامات پر ہٹائے جانے والے ملازمین میں شہباز بشیر بھی شامل تھا، جس کے بعد شہباز بشیر نے اثر و رشوخ استعمال کیا اور اسے دو چارج دیکر دوبارہ تعینات کر دیا گیا ہے ۔