جاتی امرا سوگوار رہا – قبر پر شریف خاندان کی حاضری

0

لاہور( خبرایجنسیاں) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے جاتی امرا میں بیگم کلثوم نواز کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں، جبکہ پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سمیت دیگر اہم شخصیات نے جاتی امراء رائے ونڈ میں بیگم کلثوم کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ، محمد شہباز شریف ،مریم نواز، کیپٹن (ر) محمد صفدر ،سلمان شہباز، جنید صفدر سمیت خاندان کے دیگر افراد اور عزیز و اقارب نے بیگم کلثوم کی قبر پر پھول چڑھائے،نوازشریف کی والدہ بھی اس موقع پران کے ہمراہ تھیں۔ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔علاوہ ازیں مسلم (ن) کے مرکزی رہنماؤں خواجہ آصف ، پرویز رشید،مریم اورنگزیب، پرویز ملک ، ذکیہ شاہنواز، چوہدری اقبال چنڑ ،خواجہ عمران نذیر، علی پرویز ملک، سینئر سیاستدان سیدہ عابدہ حسین، سینئر صحافی حامد میر سمیت دیگر شخصیات نے جاتی امراء رائے ونڈ میں نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر عابدہ حسین نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔دریں اثنامسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی دعاؤں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے خاندان کی ڈھارس بندھائی، قوم کا پیار اور غمگساری زندگی کا اہم سرمایہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سمیت پورا شریف خاندان جنازے میں شرکت کرنے والے اور اپنی دعاؤں اور تعزیت میں شریک ہونے والے تمام اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، ہمدردوں اور غمگساروں کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔ ان کی محبتوں کی ہمارے دل میں بے حد قدر ہے اور ہمارے دل احساس تشکر سے بھرے ہوئے ہیں۔غیرملکی رہنماؤں، محترم سفراکرام،حکومتی اور دیگر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے تعزیتی پیغامات اور بالمشافہ اظہار ہمدردی کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More