ڈہرکی میں سسرالیوں کا خاتون پر تشدد-بال کاٹ دیئے
ڈہرکی (نمائندہ امت) اوباڑو میں گھریلو تنازعہ پر سسرالیوں نے خاتون پر تشدد کرکے بال کاٹ دیئے۔ اوباڑو پولیس نے سسر ،دیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ایک ملزم کو حراست میں لے لیا ہے ،تاہم اس کی گرفتاری ظاہر نہیں کی ۔ تفصیلات کے مطابق اوباڑو کے نواحی علاقے گاؤں مٹھو بھٹو میں انسانیت سوز واقع پیش آیا ہے۔سسرالیوں نے بہو شبانہ بھٹو زوجہ عبدالجبار بھٹو کے گھریلو تنازعہ پر بال کاٹ کر تذلیل کا نشانہ بنایا ہے۔انسانیت واقع کی اوباڑو تھانے پر متاثرہ لڑکی کے بھائی محمد خان بھٹو کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 151/2018دیور اربا ب بھٹو، سسر بہادر بھٹو، عبدالحمید بھٹو اور عبدالغفار بھٹو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس موقع پر متاثرہ لڑکی شبانہ بھٹو نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ میری 8ماہ قبل گھروالوں نے گاؤں مٹھو بھٹو کی رہائشی عبدالجبار بھٹو سے شادی کرائی تھی اور میر باپ قاسم بھٹو نے عیوض میں جمل بھٹو سے شادی کی تھی، لیکن سسرالی گزشتہ 8ماہ سے تشدد کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ گزشتہ روز میرے دیور اربا ب بھٹو، سسر بہادر بھٹو، عبدالحمید بھٹو اور عبدالغفار بھٹو نے مجھے سخت تشدد کا نشانہ بنا کر میرے بال کاٹ کر تذلیل کا نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد میرے ورثاکو اطلاع دی گئی کہ تمہاری بیٹی مر گئی ہے آکر لے جاؤ، میرے بھائی مجھے تشدد کی حالت میں ڈہرکی کے گاؤں اللہ جوایو لیکر آئے ہیں۔ مذکورہ افرادنے دھمکی دی ہے کہ اگر خاموشی اختیار نہیں کی تو اغوا کرکے قتل کر دیں گے۔