جماعت اسلامی سندھ کے تحت9-10محرم کو 9 اضلاع میں تربیت گاہوں کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 9اور 10محرم کو سندھ کے 9اضلاع میں ضلعی تربیت گاہیں منعقد کی جائیںگی، جن سے اسد اللہ بھٹو، راشد نسیم ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، ممتاز سہو دیگر قائدین وعلما کرام و دانشورخطاب کریں گے ۔ اعلامیہ کے مطابق محرم الحرام کو حیدرآباد ، ٹھٹھہ ، جام شورو ، میرپورخاص جبکہ 10محرم کو ٹنڈو محمد خان ، ٹنڈو الہیار ، سانگھڑ ، نواب شاہ ، اور ضلع مٹیاری میں اجتماعات منعقد ہوں گے ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے قبا آڈیٹوریم میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن ، مہنگائی اور بجلی ، پانی بحران کے خاتمے سمیت عوام کو ریلیف دینے کے لئے پی ٹی آئی حکومت کو موقع ضرور ملنا چاہئے، مگر عقیدہ ختم نبوت ، تحفظ ناموس رسالتؐ قانون ، نظریہ پاکستان سمیت نظریاتی سرحدوں کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کی جاسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کرپشن اور ظلم و ناانصافیوں کے خلاف اور اصلاح معاشرہ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ملک سے غربت مہنگائی و کرپشن کے خاتمہ اور ریاست مدینہ بنانے کے قوم سے کئے وعدے کو پورا کرے۔ اس موقع پر نائب امیر حافظ نصر اللہ عزیز ، محمد حسین محنتی اور جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو بھی موجود تھے۔