اسلام آباد(امت نیوز)وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کے پہلے مرحلے کے دوران 102 میں سے 62 گاڑیوں کی نیلامی ہو گئی ۔ 27 بلٹ پروف گاڑیوں میں سے 7نیلام ہو گئی ۔2بم پروف گاڑیوں کو تا حال خریدار نہیں ملے۔گاڑیوں کی بولی لگانے والے9 افراد بھاگ نکلے۔ رقم جمع نہ کرائے جانے کے باعث انتظامیہ کو9گاڑیوں کی دوبارہ بولی لگوانا پڑی ۔ایڈمنسٹریٹر وزیر اعظم ہاؤس میجر آصف نے میڈیا کو بتایا کہ جن گاڑیوں کی بولی نہیں لگی ایف بی آر ان کی قیمتوں کا دوبارہ تعین کرے گا۔نیلامی کے لیے پیش کی گئی 102 گاڑیوں کی مالیت ایک ارب سے زائد تھی۔61گاڑیوں کی نیلامی سے تقریباً 20 کروڑ حاصل ہوئے۔ امید تھی کہ بم پروف گاڑی کی بولی 16 کروڑ سے اوپر جائے گی تاہم دونوں بم پروف گاڑیوں کی نیلام نہیں ہوئی۔اب تک27 لگژری اور 7بلٹ پروف گاڑیوں کو نیلام کیا جا چکا ہے۔وزیر اعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس 200 سے زائد گاڑیاں ہیں جن میں سے 102 گاڑیاں پہلے مرحلے میں اور باقی آئندہ نیلام ہوں گی۔نیلام کی گئی کئی گاڑیاں وزیر اعظم اور کئی غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔ نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں میں72 گاڑیاں 10 سال پرانے ماڈل کی ہیں، ایک جیپ 32 سال پرانی ہے جبکہ کئی تو بالکل کھٹارا ہیں۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا تھا کہ مارکیٹ میں جو گاڑی5 کروڑ کی ہےوہ6 کروڑ میں بیچیں گے۔