ترقیاتی فنڈز میں کٹوتی سے بجٹ سرپلس ہو گیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترقیاتی فنڈز میں24 ارب کی کٹوتی سےسندھ کا بجٹ عملاً3ارب 45 کروڑ روپے کے فاضل بجٹ میں تبدیل میں ہو گیا ہے ۔ مئی میں پیش کئے گئے بجٹ میں 20ارب 45کروڑ کا خسارہ ظاہر کیا گیا تھا ۔مئی میں بجٹ کے مجموعی اخراجات کا تخمینہ11 کھرب 44 ارب 44 کروڑ روپے اور مجموعی آمدنی کا تخمینہ 11 کھرب23 ارب99 کروڑ لگایا گیا تھا ۔ اس کے نتیجے میں 20ارب45کروڑ کا خسارے کا امکان ہے۔پیر کو آئندہ9ماہ کے پیش کر دہ بجٹ میں وفاق سے ملنے والے فنڈز،بیرونی امداد اور صوبائی محصولات ،وفاقی اور بیرونی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کیلئے مختص فنڈز کے تخمینے میں کوئی کمی بیشی نہیں کی گئی۔ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی ہوئی ہے ،جبکہ اضلاع کے منصوبوں کے فنڈز میں 5 ارب کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ترقیاتی بجٹ میں24ارب کی کٹوتی سے سالانہ میزانیے کا مجموعی حجم11 کھرب44ارب 44 کروڑ روپے سے کم ہو کر 11کھرب 20 ارب 44 کروڑ رہ گیا ہے ۔دستاویزات کے مطابق بجٹ عملاً 3ارب 54 کروڑ روپے کا فاضل ہے ۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کو فاضل ظاہر نہیں کیا جائے گا۔وفاق سے کم فنڈز ملنے کے خدشے پر ہی ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی گئی۔مالی سال کی آخری سہ ماہی میں بجٹ اخراجات پر نظر ثانی سے صورتحال واضح ہو جائے گی۔