صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق
کراچی ( پ ر) کراچی یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام میڈیا انڈسٹری کے موجودہ بحران اور کارکنوں کے مستقبل پر” میڈیا کنونشن“ کراچی پریس کلب میں منعقد ہوا جس میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے علاوہ کے یوجے دستور، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، ایپنک، کراچی پریس کلب، اے پی این ایس اور سی پی این ای ، اور پاکستان ایسویسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے نمائندؤں اور صوبائی مشیر اطلاعات و قانون نے شرکت کی۔کنونشن میں میں صحافتی تنظیموں، کراچی پریس کلب، اے پی این ایس، سی پی این ای اور حکومت سندھ کے نمائندؤں پر ایک مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا جو موجودہ بحران کے خاتمے کے لئے اپنی تجاویز تیار کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ میڈیا سے منسلک تمام کارکنوں کی معاشی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، ویج ایوارڈ سمیت تمام مسائل کو باہمی مشاورت سے حل اور اخبارات اور ٹی وی چیلنز کے اشہارات کی مد میں رکے ہوئے بقایاجات کو فوری ریلیز کرانے کے اقدامات جویز کرے گی۔ کنونشن سے خطاب کرتے صوبائی مشیر اطلاعات و قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام حقیقی صحافیوں کے مسائل کو حکومت ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی خصوصاً ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کے لئے تیزی سے کام کیا جائے گا، انھوں نے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے کو کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں گے۔اس سے قبل اے پی این ایس کے سیکریٹری جنرل سرمد علی نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے کنونشن کا خیرمقدم کیا کہ انھوں نے صحافیوں کے تمام حصوں اور مالکان کی تنظیموں کو اپنے پلیٹ فارم پر مدعو کیا۔سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرجبار خٹک نے کہا کہ سی پی این ای نے موجودہ بحران کے خاتمے کے لئے سندھ حکومت کو کئی تجاویز پیش کی ہیں۔