حافظ نعیم نے کراچی کیلئے 500ارب کے پیکیج کا مطالبہ کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے لیے 500ارب روپے کے 3سالہ پیکیج ، تمام شعبوں کے لیے جامع اور واضح عملدرآمد منصوبے کا وقت اور بجٹ کے تعین کے ساتھ اعلان کیا جائے ۔کے فور منصوبہ ، ایس تھری گرین لائن منصوبے فوری مکمل کیے جائیں۔ماس ٹرانزٹ پروگرام اور سرکلر ریلوے کے پروجیکٹ پر فوری کام شروع کیا جائے۔کراچی کے پانی کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نادرا کی جانب سے عوام سے غیر ضروری اور قدیم دستاویزات طلب کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔مشرقی پاکستان سے ہجرت کرکے آنے والے بہاریوں کو بھی شناختی کارڈ فراہم کیے جائیں۔ کراچی کی سرکاری جامعات کو اپ گریڈ کر کے گرانٹ فراہم کی جائے۔صفائی ستھرائی، سڑکوں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے لیے طویل المدتی اور قلیل المدتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے۔