50افراد کا قاتل پی ایس پی عہدیدار گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک کالونی پولیس نے پاک سرزمین پارٹی کے عہدیدار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔گرفتار ٹارگٹ کلر نے کچھ ماہ قبل ہی متحدہ لندن چھوڑ کر پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔وہ 50 سے زائد افراد کے قتل کے علاوہ بھتہ خوری ، چائنا کٹنگ، اسلحہ سپلائی کرنے میں بھی ملوث تھا۔ٹارگٹ کلر نے گرفتاری سے بچنے کیلئے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔تفصیلات کے مطابق پاک کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن پاک کالونی سیکٹر کے سابق ممبر اور موجودہ پاک سرزمین پارٹی کے پاک کالونی سیکٹر ممبر احمد زکریا عرف راشد زکریا کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’امت‘‘ کو بتایا کہ گرفتار ٹارگٹ کلر پاک کالونی ، رضویہ سمیت دیگر علاقوں میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا اور اپنی ٹارگٹ کلر ٹیم چلاتا تھا۔اس کی ٹیم میں آصف عرف شانی ، کمال، شاہد گنجا، وسیم کمانڈو، فیصل ٹارزن ، آصف ، فرخ موٹا اور فمہیم لمبا شامل تھے۔ٹارگٹ کلر احمد دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پاک کالونی ، رضویہ ، گلبہار اور ناظم آباد میں تاجروں سے بھتہ وصولی کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں چائنا کٹنگ بھی کرتا تھا۔اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پاک کالونی سمیت مختلف علاقوں میں 50 سے زائد افراد کو قتل کیا تھا اور کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی اس نے روپوشی اختیار کرلی تھی۔ کچھ عرصہ قبل پاک سرزمین میں شمولیت کے بعد اسے پاک کالونی میں سیکٹر ممبر بنادیا گیا تھا۔ٹارگٹ کلر کے خلاف پا ک کالونی میں دو مقدمات سال 2011 میں درج ہوئے تھے، جن میں اس نے ایک رکشہ ڈرائیور اور 2 کار سوار افراد کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔