برطانوی شہریت کے حامل نیب زدہ زلفی بخاری معاون خصوصی مقرر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے برطانوی شہریت کے حامل اور نیب زدہ زلفی بخاری کو معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی مقرر کردیا۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے زلفی بخاری کی بطور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق زلفی بخاری کا کو وزیر مملکت کا درجہ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے زلفی بخاری کو سمندر پار پاکستانیوں سے متعلق مفصل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ وہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ڈیم فنڈ سے متعلق امور کو بھی دیکھیں گے۔زلفی بخاری وزیراعظم کے چوتھے معاون خصوصی ہیں، ان کے علاوہ شہزاد اکبر، افتخار درانی اور نعیم الحق بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں۔واضح رہے کہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں،زلفی بخاری کا نام آف شور کمپنیوں کے باعث پاناما لیکس میں بھی آیا ہے جس بناء پر نیب میں ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں وہ کئی بار نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب اس وقت سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت وزیراعظم کے پاس موجود ہے جب کہ ایم کیوایم کے رہنما عامر خان نے گزشتہ روز دعویٰ کیا یہ وزارت ایم کیو ایم کو ملے گی جس کے وزیر امین الحق ہوں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے مراد سعید کا قلمدان تبدیل کرتے ہوئے انہیں وزیر مملکت برائے مواصلات بنا دیا ہے ،اس سے قبل انہیں وزیر سیفران کا چارج دیا گیا تھا۔ کابینہ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔