کشمیری مجاہدین حملے میں سکیورٹی اہلکار زخمی

0

لاہور(نمائندہ امت) مقبوضہ کشمیر کے پلوامہ ضلع میں سی آر پی ایف کیمپ پر کشمیری مجاہدین کے حملہ میں بھارتی فوج کی سینٹرل ریزروپولیس فورس کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیری مجاہدین نے ضلع کے علاقے نیوا میں سی آر پی ایف اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیا اور فائرنگ کی ، جس سے ایک فوجی زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو بھارتی فوج کی بادامی باغ کنٹونمنٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حملے کے فوراً بعد بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری نوجوان رؤف احمد گنائی کی شہادت پر اسلام آباد(اننت ناگ) میں چوتھے دن بھی مکمل ہڑتال کی گئی اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ فوج اور کشمیریوں کے مابین جھڑپوں کے دوران لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی جاتی رہی۔ رؤف گنائی کو بھارتی فوجیوں نے ہفتے کے روز ضلع کولگام کے علاقے چوگام میں احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کر کے شہید کیا تھا۔اسلام آباد قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل رہی۔ بھارتی فورسز اور کشمیری نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات بھی پیش آئے ۔ اسلام آباد(اننت ناگ) کے علاقے کہرہ بل مٹن کی سب جیل میں نظربند 10نوجوانوں کو جموں کی جیلوں میں نظربند کئے جانے کے خلاف ان کے اہل خانہ نے سب جیل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارتی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔نظربند نوجوانوں میں بٹہ گنڈ ویری ناگ سے تعلق رکھنے والا پیرزادہ محمد اشرف اور کینسر میں مبتلا چوگام قاضی گنڈ کا ابرار احمد ڈار شامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More