کرم ایجنسی میں 11محرم تک پاک افغان سرحد سیل
پاراچنار (نمائندہ امت)ضلع کرم کے تین سو سے زائد امام بارگاہوں میں محرم الحرام کے سلسلے میں مجالس اور عزاداری جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں علمائے کرام اور ذاکرین واقعہ کربلا پر روشنی ڈالتے ہوئے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں سات محرم سے گیارہ محرم تک پاک افغان سرحد سیل رہے گی۔ پاراچنار شہر کے چاروں اطراف سیکورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ کرم لیوی فورس اور پاسدار کرم کے جوان بھی تلاشی کیلئے کھڑے ہیں اور خصوصی پاس کے علاوہ ہر قسم کی گاڑیوں کے داخلے پر پاپندی ہے۔ پاراچنار کی مرکزی امام بارہ گاہ سے نویں محرم کی شب کو جلوس برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوامرکزی امام بارگاہ پر ختم ہوا۔ جلوس میں سیکورٹی فورسز کے علاوہ علاقے کے مقامی رضاکار بھی موجود تھے جلوس کے راستوں پر سبیلیں اور نیاز کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا جلوس کے ساتھ ساتھ ضلع کرم کے ہسپتال کے علاوہ چنار بلڈ بنک،حیدری ویلفیئر ٹرسٹ،المدد ویلفئیر ٹرسٹ پاراچنارکی ایمبولینسز بھی موجود تھیں۔