ڈاکٹر جنید زیدی کا دورہ سندھ مدرسہ یونیورسٹی
کراچی (بزنس رپورٹر) کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسلام آباد کے بانی ریکٹر ڈاکٹر سید محمد جنید زیدی نے کہا ہے کہ ہمارے تعلیمی نصاب میں آج تک پرانا نصاب بچوں کو پڑھایا جاتا ہے جوکہ موجودہ وقت کے حساب سے مسابقت نہیں رکھتا۔ ہمارے ملک میں نصاب لکھنے والے مصنفین ہیں اور نہ ہی ایسے لوگ ہیں جن کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دنیا کی جدید معلومات ہو۔ یہ بات انہوں نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وائس چانسلر سندھ مدرسہ یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے ڈاکٹر جنید زیدی کی کاوشوں اور تعلیم کے میدان میں گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کامسیٹ کے ساتھ ساتھ این ٹی ایس کے نام سے بھی ادارہ قائم کیا ہے۔