پاک بھارت میچ بکیز کے پیٹرن پر کھیلا گیا

0

امت رپورٹ
ایشیاء کپ میں پاک بھارت میچ بکیز کے پیٹرن پر کھیلا گیا۔ دبئی میں بدھ کو دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں بکیز نے بھارت کو فیورٹ قرار دیا تھا۔ سٹے کے عالمی بازار میں کھلنے والے ریٹ کے مطابق انڈیا کا بھاؤ 70 پیسے جبکہ پاکستان ریٹ ایک روپے 40 پیسے تھے۔ یعنی بھارت کی جیت پر ایک لاکھ کا سٹہ کھیلنے والے کو ایک لاکھ 70 ہزار، جبکہ پاکستان کی فتح پر رقم لگانے والے جواری کو ایک لاکھ کے عوض دو لاکھ 40 ہزار ملنے تھے۔ دبئی میں سٹے کے بازار سے جڑے ایک بکی کے مطابق ویرات کوہلی کی عدم موجودگی کے باوجود بھارت کو فیورٹ رکھا گیا۔ سٹے کا ریٹ اس بار ممبئی کے بجائے دبئی سے کھولا گیا۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ
ایشیاء کپ کے زیادہ تر میچ اور فائنل دبئی میں رکھے گئے ہیں۔ جو سٹے کی عالمی مارکیٹ کا گڑھ ہے اور دوسرا یہ کہ ان میچوں پر سٹہ کھلانے کیلئے بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے بڑے بکیز پہلے ہی دبئی پہنچ چکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ دبئی میں بڑے بکیوں اور پنٹرز کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ارکان بھی وہاں پہلے سے موجود ہیں۔ اور تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو خاص ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی انجان شخص سے رابطہ نہ کریں۔ دوسری جانب آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ، بکیوں کے نیٹ ورک میں موجود اپنے ذرائع سے یہ پتہ چلانے کی کوشش کرتا رہا کہ پاک بھارت میچ میں بکیز نے کیا پیٹرن رکھا ہے، تاکہ اگر روایتی حریفوں کے درمیان میچ اسی پیٹرن سے آگے بڑھتا ہے، جو بکیوں نے سیٹ کیا ہے تو پھر ممکنہ گڑبڑ کی تحقیقات کی جاسکیں۔ دبئی کے سٹہ بازار سے جڑے ایک پاکستانی بکی کے بقول پاک بھارت میچ کی ابتدا ٹھیک اسی پیٹرن پر ہوئی جو عالمی بکیوں نے سیٹ کیا تھا۔ یعنی فیورٹ قرار دی گئی بھارتی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے بلے بازوں کو مقررہ پچاس اوورز سے سات اوورز پہلے ہی 162 رنز کے معمولی اسکور پر ڈھیر کردیا۔ بکی کے مطابق گزشتہ چیمپئن ٹرافی کے ہیرو پاکستانی اوپنر فخر زمان اس وقت اپنی بہترین فارم میں ہیں۔ اس کے باوجود بکیز نے شعیب ملک کو فیورٹ بیٹسمین قرار دے رکھا تھا۔ پھر حیرت انگیز طور پر فخر زمان بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ شعیب ملک نے 43 رنز بنائے۔ شعیب ملک کا ایک آسان کیچ بھی بھارتی فیلڈر نے ڈراپ کیا۔ شعیب ملک کے 40 سے زائد اسکور بنانے کا بھاؤ دو روپے 20 پیسے کھولا گیا تھا۔ یعنی اس پر رقم لگانے والے کو ایک روپے کے عوض تین روپے 20 پیسے ملتے۔ سب سے زیادہ سٹہ بھی شعیب ملک کی بیٹنگ پر کھیلا گیا۔ جبکہ بکیز نے دوسرا فیورٹ پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو قرار دیا تھا۔ بابر اعظم کا ریٹ دو روپے 70 پیسے کھولا گیا تھا۔ بکی کے مطابق ٹاس کے سوا میچ کا دیگر پیٹرن بکیز کے طے کردہ حساب کتاب کے مطابق رہا۔ ٹاس پر بھی بھارت کو بکیز نے فیورٹ قرار دیا تھا۔ اس سلسلے میں بھارت کے ریٹ 82 پیسے اور پاکستان کا بھاؤ ایک روپے 42 پیسے تھا۔ تاہم بھارت ٹاس ہار گیا۔ یوں پاکستان پر رقم لگانے والے جواریوں کی چاندی ہوگئی۔ بکی کے بقول بھارت کے ٹاس جیتنے پر پنٹرز نے 4 کروڑ روپے سے زائد کا سٹہ لگایا تھا۔ جبکہ پاکستان پر لگائی جانے والی رقم ڈھائی کروڑ کے لگ بھگ تھی۔ بکی کے مطابق ٹاس کے معاملے پر بکیوں کا زور نہیں چلتا کہ اپنی مرضی کی فیورٹ ٹیم کو ٹاس جتا دیں۔ لہٰذا عموماً اس کا رزلٹ ان کی خواہشات کے خلاف آتا ہے۔
سٹے کی عالمی مارکیٹ میں بھارتی اوپنر شیکھر دھون کو فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔ دھون نے گزشتہ میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔ بدھ کی رات ان سطور کے لکھے جانے تک بھارتی ٹیم کی بیٹنگ جاری تھی اور شیکھر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوا۔ اسی طرح انڈین ٹیم کے دوسرے فیورٹ بیٹسمین روہت شرما نے 52 رنز بنائے۔ بکی کے بقول یہ پیٹرن بھی بکیز کے طے شدہ خاکے کے مطابق رہا۔
ایک برس کے وقفے سے آمنے سامنے آنے والے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیاء کپ کے میچ پر مجموعی طور پر 45 ارب روپے کا سٹہ کھیلا گیا۔ اس میں سے 19 ارب کا سٹہ پاکستان اور 26 ارب روپے کا جوا بھارت میں ہوا۔ میچ شروع ہونے سے پہلے فیورٹ قرار دی گئی بھارتی ٹیم کی جیت کا بھاؤ 70 پیسے اور پاکستانی ٹیم کا ریٹ ایک روپے 40 پیسے تھا۔ تاہم دبئی میں موجود ذرائع کے مطابق میچ سے قبل دونوں ٹیموں پر 20 ارب روپے سے زائد کا سٹہ لگ چکا تھا۔ باقی رقم میچ شروع ہونے کے بعد لگائی جاتی رہی۔ ٹاس اور میچ کے نتیجے کے علاوہ سنچری، ہاف سنچری، چوکے چھکے اور ہر وکٹ گرنے پر بھی مسلسل رقم لگائی گئی۔ میچ کے اختتام کے قریب سٹے کی مجموعی رقم میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ بکی کے بقول پاک بھارت میچ پر لیگ کے اب تک کھیلے گئے تمام میچوں سے تین گنا زائد سٹہ لگایا گیا۔ اس میں سے 30 فیصد سے زائد سٹہ آن لائن کھیلا گیا۔ بکی کے بقول آن لائن پر غیر قانونی شرطیں لگانے والے پاکستانیوں کو اس حوالے سے تھوڑی بہت پریشانی رہی کہ پاکستان میں برطانوی آن لائن بیٹنگ کمپنیوں بیٹ فیئر اور بیٹ 365 کی ویب سائٹس اب آسانی سے نہیں کھلتی۔ تاہم پنٹرز کی ایک بڑی تعداد اس رکاوٹ کو دور کرنے کیلئے سوفٹ ویئر تلاش کرلئے ہیں۔
اگر پاکستان اور بھارت ایشیاء کپ کے فائنل میں پہنچتے ہیں تو پھر دونوں حریف ایک دوسرے سے تین میچ کھیلیں گے۔ دبئی میں موجود ذرائع کے مطابق سٹہ بازار میں یہ تاثر عام ہے کہ اس صورت میں پہلا میچ پاکستان ہارے گا۔ دوسرا جیتے گا اور فائنل میں بھارتی ٹیم کو سرخرو کردیا جائے، جو گزشتہ برس کرکٹ چیمپئن ٹرافی کا فائنل پاکستان سے ہار گئی تھی۔ ایشیاء کپ میں میچوں کا طریقہ کار اور فائنل تک رسائی کا مرحلہ بڑا پیچیدہ رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں تین ٹیموں بھارت، پاکستان اور ہانگ کانگ کو رکھا گیا۔
اس گروپ سے پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، جبکہ تیسری ٹیم ہانگ کانگ فارغ ہوگئی۔ اسی طرح گروپ بی کی تین ٹیموں میں سے بنگلہ دیش اور افغانستان بھی سپر فور مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔ سری لنکا دو شکستوں کے بعد آؤٹ ہوچکا۔ آج جمعرات کو بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان آخری گروپ میچ کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد سپر فور مرحلے کا آغاز ہوگا۔ 21 ستمبر کو اس مرحلے کے پہلے میچ میں گروپ اے کی فاتح ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی رنر اپ ٹیم کے ساتھ ہوگا۔ اگر بنگلہ دیش گروپ کے آخری میچ میں افغانستان کو ہرا دیتا ہے تو سپر فور مرحلے کا پہلا میچ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان اور دوسری صورت میں بھارت اور افغانستان کے درمیان ہو سکتا ہے۔ اسی طرح گروپ بی کی فاتح ٹیم کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ ٹیم پاکستان سے ہوگا۔ 23 ستمبر کو پہلا میچ گروپ اے کے فاتح اور رنر اپ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یعنی ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے۔ جبکہ دوسرا میچ بی گروپ فاتح اور اسی گروپ کے رنر اپ میں ہوگا۔ پھر 25 ستمبر کو گروپ اے کی سر فہرست ٹیم گروپ بی میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ٹکرائے گی۔ اور 26 ستمبر کو گروپ اے کی رنر اپ ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا۔ اگر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اپنے اگلے تمام معرکے جیت لیتی ہیں تو پھر ایک بار پھر روایتی حریف فائنل میں مدمقابل ہوں گے جو 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More