عاشورہ محرم پر امن کا کریڈٹ سیکورٹی اداروں کو جاتا ہے -مراد علی شاہ

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں سے عاشورہ محرم پرامن رہا۔ انہوں نے پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یومِ عاشورہ کےجلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔ مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایم اے جناح روڈ پر جلوس میں شرکت کی اور ایمپریس مارکیٹ تک جلوس کی قیادت کی ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سکھر روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے روہڑی، سکھر کے جلوسوں کا فضائی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے شکارپور ، خیر پور،کوٹ ڈیجی اور لاڑکانہ میں جلوسوں اورمجالس کا بھی فضائی جائزہ لیا۔سکھر ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نےکہا کہ وفاقی حکومت چیزیں بیچنے کے بجائے گورننس کی طرف آئے۔وفاق نے منی بجٹ دے کر ٹیکسز بڑھا دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی سنگین ہے ڈیم بنانے سے پہلے یہ دیکھا جائے کہ پانی بھی موجود ہے یانہیں۔ اگر پانی موجود ہی نہیں تو ڈیم بنانے کا کیا فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی یا تارکین وطن کو شہریت نہیں دینی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی گرین لائن پروجیکٹ کے کام کا بھی فضائی جائزہ لیا ۔ انہوں نے کراچی میں برساتی نالوں کا فضائی معائنہ کرتے ہوئے صفائی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حوالے سے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز سے بات کی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے سی پی او میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ بھی کیا جہاں وزیراعلیٰ کی صدارت میں غیر رسمی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ محرم الحرام پر سیکورٹی انتظامات اچھے رہے اوراس کا کریڈٹ پولیس ، رینجرز اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو جاتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More