اومنی گروپ نے منجمد اکاؤنٹس کھولنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بینکنگ کورٹ نےمنجمد اکاؤنٹس کھولنے کیلئے او منی گروپ کی درخواست پر تفتیشی افسر و وکلا کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ ہفتہ کو بینکنگ کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے نیشنل ,سمٹ و سندھ بینکوں میں منجمد اومنی گروپ کے 19 اداروں کے اکاؤنٹس میں 33 کروڑ سے زائد رقم موجود ہے۔یہ اکاوئنٹس لین دین کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں اور اکاؤنٹس منجمد ہونے سے کروڑوں کی ادائیگیاں و وصولیاں رک گئی ہیں اور اومنی گروپ کے ادارے شدید مالی بحران کا شکار ہو گئے ہیں۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انصاری شوگر ملز، چمبڑشوگر مل، ٹنڈو اللہ یار شوگر ملز،سجاول اینگرو فارمز، پاک ایتھنول پرائیوٹ لمیٹڈ، اومنی پولیمر پیکچر ،اومنی پرائیوٹ لمیٹڈ، کھوسکی شوگر ملز، لاڑ شوگر ملز ،اومنی ایسوسی ایشن, دادو انرجی، شکار پور پاور، اومنی ویلفیئر فاؤنڈیشن ،انصاری شوگر ملز ایمپلائز پرویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ،کھوسکی شوگر ملز ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ اور وین گارڈ شوگر ملز کے اکاؤنٹس کھولے جائیں ۔