تحریک انصاف کراچی میں بغاوت کی باز گشت تیز

0

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کراچی میں پھوٹ پڑگئی، فردوس شمیم نقوی نے اچانک صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔جب کہ انصاف ایکشن کمیٹی کے نام سے ایک نیا دھڑا سامنے آگیا ہے ،جس کی قیادت سبحان ساحل، سابق سینئر نائب صدر اسرار عباسی اور حافظ فضل کریم کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کراچی کے قلعہ میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔فردوس شمیم نقوی کے استعفے کےبعد خالی کرسی پر قبضہ کرنے کیلئے باغی گروپ نے انصاف ہاؤس میں اجلاس بھی منعقد کر ڈالا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسرار عباسی کا کہنا تھا کہ کراچی میں حقیقی قیادت نظرانداز اور مصنوعی قیادت کو ترجیح دی گئی۔ انصاف ہاؤس کسی کی ملکیت نہیں، آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے بغیر اجازت انصاف ہاؤس میں اجلاس بلانے پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کراچی کے مستعفی ہونے والے صدر فردوس شمیم نقوی نے اپنا استعفی پارٹی سربراہ اور وزیراعظم عمران خان کو ارسال کردیا ہے ،جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی میں بہتر کردار ادا کرنا چاہتا ہوں ۔ دونوں عہدے بیک وقت برقرار نہیں رکھ سکتا۔ اس لیے پارٹی صدارت سے مستعفیٰ ہورہاہوں ۔ کراچی صدر کی حیثیت سے2 سال تک بہت کچھ کیا آئندہ بھی بغیر کسی عہدے کے تنظیمی امور انجام دیتا رہوں گا۔فردوش شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ استعفے کے پیچھے کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، عمران خان کو بطور وزیراعظم دیکھنا میرے لیے فخر کی بات ہے،اب لوگ کہنے لگے تبدیلی کی ہوا چل پڑی، مقامی قیادت اور ٹیم کی انتھک محنت کی ،جس کی وجہ سے کراچی نے دیگر شہروں کے مقابلے میں بہت اچھے نتائج دیئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More