میڈیا پر افشا کے ڈر سے بیوپاریوں کو منڈی سے نکالنے کی دھمکیاں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بیوپاریوں کو منڈی انتظامیہ کی جانب سے نا انصافیوں کے معاملے پر میڈیا کے سامنے زبان کھولنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جانے لگی ہیں۔ میڈیا سے مسائل پر بات کرنے پر بیوپاریوں کو جانور چھین کر منڈی سے نکالنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔ اندرون سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک بیوپاری نے تصویر و نام شائع نہ کرنے کی شرط پر ڈرتے ہوئے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ جانوروں کی ہلاکت کے بعد سب بیوپاریوں کے پاس سادہ لباس میں مسلح افراد نے آ کر دھمکیاں دیں کہ کسی نے منڈی کے حوالے سے میڈیا سے کوئی بھی بات کی یا کسی نا انصافی کے خلاف زبان کھولی تو اس کا بہت برا حشر کیا جائے گا ۔ ایسا کرنے والے کو منڈی سے فوری باہر نکال کر جانوروں پر بھی قبضہ کر لیا جائے گا۔