سکھوں کو بہلانے کیلئے بھارت نے نیا ریڈیو لانچ کردیا
امرتسر(امت نیوز)بھارتی حکومت نے سکھوں کو بہلانے اورسرحدی علاقےبالخصوص ورکنگ باؤنڈری کے اطراف پاکستان مخالف پروپیگنڈے کیلئے ایک نیا اور انتہائی طاقتور ایف ایم چینل لانچ کردیا۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دیس پنجاب کے نام سے کھولے جانے والے اس چینل کا بنیادی مقصد ریڈیو پاکستان لاہور کے ایک پروگرام پنجابی دربار کا مقابلہ کرنا اور بھرپور جواب دینا ہے۔امرتسر میں قائم ایف ایم ریڈیو کی نشریات کا آج 24 ستمبر سےباقاعدہ آغاز ہورہا ہے اور اس کا ٹارگٹ ایریا 90 کلومیٹر کے دائرے پر محیط ہے ،جس کی وجہ سے لاہور، مریدکے، شیخوپورہ،قصور ، ننکانہ صاحب ، سیالکوٹ اور گرجرنوالہ کے شہریوں تک بھی اس کی رسائی ہوگی۔ واضح رہے کہ پنجابی دربار گزشتہ 30 برس سے نشر ہورہا ہے اور پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارتی پنجاب میں بھی انتہائی ذوق و شوق سے سنا جاتا ہے۔آل انڈیا ریڈیونے ہر طرح کے جتن کر کے دیکھ لئے ،لیکن اس پروگرام کی مقبولیت ختم نہیں کرسکا۔