ڈیرہ بگٹی(امت نیوز)بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی امن لشکر کے4 رضا کار جاں بحق و2 زخمی ہو گئے ہیں ۔اطلاعات کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے دشتِ گوراں میں ہفتہ و اتوار کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے قبائلی امن لشکر کے کمانڈر ہارون شمبانی کے کیمپ پر گھات لگا کر حملہ کردیا ۔فائرنگ سے4 رضاکار غلام شریف پیربخش اور طاہر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔فائرنگ کی آواز سن کرساتھیوں کی مدد کوپہنچنے والے2 افراد ریزغ اور حفیظ اللہ کی موٹر سائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا نے کے بعد دھماکے سے وہ دونوں شدید زخمی ہوگئے ،جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ۔جہاں دونوں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے ،تاہم کوئی گرفتار نہ کیا جاسکا ۔ڈیرہ بگٹی کے نائب منتظم علی محمد کے مطابق حملہ علیٰ الصباح پیش آّیا ۔2ہزار افراد پر مشتمل رضا کار لشکر کچھ برس قبل فورسز کی مدد کیلئے قائم کیا گیا تھا ۔کیمپ ماضی میں بھی علیحدگی پسندوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔