مقبوضہ جموں میں مٹی کاتودہ گرنے سے 5جاں بحق
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ جموں کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں مٹی کے بھاری تودے تلے دب جانے سے 3کمسن بچوں سمیت 5افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد مسلمان خاندان سے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوڈہ کی تحصیل گنڈو کے بٹولی علاقہ میں گذشتہ رات نور محمد ولد مہر دین کا مکان مٹی کے ایک تودے کی زد میں آگیاجس سے پانچ افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔ مٹی کے تودے گرنے کے اس واقعہ میں انسانی جانوں کے علاوہ مویشیوں کا بھی جانی نقصان ہوا ہے۔کہا گیا ہے کہ مٹی کے تودے گرنے سے پیش آنے والے واقعہ میں درجنوں بھیڑ اور مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوموار جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 28سالہ بشیر احمد، نگینہ بیگم ، زلفی بانو اور محمد شریف ولد شوکت علی کے طور پر کی گئی ہے۔