عمیر صدیقی کیخلاف کیس میں گواہ پولیس افسر کی گرفتاری کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ کے عمیر صدیقی کے خلاف دہرے قتل کیس میں گواہ سب انسپکٹر محمد شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے گواہ کو گرفتار کرکے 29ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔سماعت پر جیل حکام کی جانب سے ملزم متحدہ کے عمیر صدیقی کو پیش کیا گیا۔اس موقع پرگواہ کو پیش نہ کیا جاسکا۔ادھر خصوصی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں ملزم متحدہ رہنما رؤف صدیقی کی بریت کی درخواست پر پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کردیے۔عدالت نے مقدمہ کے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت28ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔