گلستان جوہر- شاہ فیصل میں انتخابی جھگڑے- متعدد زخمی

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلستان جو ہر میں پی ٹی آئی اور پی پی پی جبکہ شاہ فیصل کالونی میں مہاجر قومی موومنٹ اور پی پی پی کارکنان میں تصادم سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ شاہ فیصل کالونی میں مہاجر قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کے درمیان انتخابی دفتر کے قریب تلخ کلامی ہو گئی ،جس میں دونوں تنظیموں کے کارکنان ایک دوسرے سے لڑ پڑے اور لاٹھی ڈنڈوں کا استعمال کیا گیا ۔تصادم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پالیا۔ایس ایس پی ایسٹ نعمان صدیقی کے مطابق پی پی کے حلقہ پی ایس 98کے امیدوار ہارون خٹک کی ریلی پر حملہ ہوا تھا ،جس میں وہ محفوظ رہے اور ان کو پولیس کی اضافی نفری بھی دے دی گئی ہے۔ گلستان جوہر کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں ریلی کے دوران پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تلخ کلامی ہو گئی ،جس کے بعد دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ اور لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کردیا ۔اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے شدید ہوائی فائرنگ بھی کی گئی ۔تصادم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پالیا۔ پولیس کے مطابق تصادم کے دوران ڈنڈے پتھر اور تیز دھار آلہ لگنے سے محمد رضا سمیت 4افراد زخمی ہو ئے ،جن کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ علاوہ ازیں آئی جی پی سندھ امجد جاوید سلیمی نے شاہ فیصل کالونی میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے مابین پتھراؤ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More