ڈیڑھ برس کی تنخواہ سے محروم اساتذہ کا دھرنا-نیپا پر ٹریفک جام
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکڑوں این ٹی ایس اساتذہ نے تنخواہیں نہ ملنے کیخلاف آڈیٹر جنرل آفس سندھ کے باہر دھرنا دیا، جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 15-2014میں تعینات کئے گئے اساتذہ نے 18ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف نیپا چورنگی پر واقع آڈیٹر جنرل آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا، مظاہرے میں خواتین بھی شریک تھیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر اسکولز حامد کریم بات چیت کیلئے پہنچے تو مظاہرین نے مذاکرات سے انکار کردیا۔ مظاہرے کے باعث یونیورسٹی روڈ کا ایک حصہ ٹریفک کیلئے بند کردیاگیا تھا، جسکے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور ٹریفک جام ہوگیا، جس کے باعث نیپا چورنگی اور اطراف کے علاقے میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، تاہم آڈیٹر جنرل سندھ کی جانب سے ایک ماہ میں 800سے زائد اساتذہ کو تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے، جس کے بعد پولیس نے ٹریفک بحال کرادیا۔